پاکستان میں بننے والی فیچر فلمز کو محفوظ کرنے کیلئے فلم آرکائیو کے قیام کا آغاز

ملک میں بننے والی فیچر فلمز کو محفوظ کرنے کے لیے پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس (پی این سی اے) نے فلم آرکائیو کے قیام کے عمل کا آغاز کردیا۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے  پی این سی اے کے فلم ڈویژن کے سربراہ اعجاز گل کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ آرکائیو کے لیے سن 1947 کے بعد سے پاکستان میں بننے والی ہر زبان کی فیچر فلم کو جمع کیا جا رہا ہے۔

نیشنل فلم آرکائیو کے قیام کا مقصد بتاتے ہوئے اعجاز گل نے کہا کہ نیشنل فلم آرکائیو میں ہم تمام فیچر فلمز کو محفوظ کر لیں گے جو پاکستانی قوم کے لیے تاریخی اثاثہ ثابت ہو گا۔
اعجاز گل نے بتایا کہ آرکائیو میں شامل کی جانے والی فلمز کو پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس کی ویب سائٹ پر بھی دستیاب ہوں گی،اسطرح سے یہ فلم بینوں کے علاوہ فلمز پر تحقیق کرنے والوں کے لیے بھی سود مند ثابت ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ آرکائیو کے لیے صرف اردو فلمز جمع نہیں کی جارہیں بلکہ وہ پنجابی، پشتو اور سندھی فیچر فلمز بھی ڈھونڈ رہے ہیں۔انہوں نے آرکائیو کے لیے فلمز جمع کرنے میں عوام سے بھی مدد کی درخواست کی ہے۔

اعجاز گل کا مزید کہنا تھا کہ آرکائیو کے لیے فلمز جمع کرنے کے مقصد کیلئے ہدایت کاروں، پروڈیوسرز، تقسیم کاروں اور سنیما مالکان سے رابطے کیے جارہے ہیں ،ہماری کوشش ہے کہ پاکستان میں بننے والی زیادہ سے زیادہ فلمیں جمع کرکے انہیں محفوظ کیا جائے۔