نئی دہلی:بھارتی فوج کے ایک کرنل نے آفیسرز میس میں اپنے دوست کو نشہ آور مشروب پلانے کے بعد اس کی روسی بیوی کو مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنادیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ بھارتی شہر کان پور میں پیش آیا جبکہ کرنل کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
متاثرہ خاتون کے شوہر ایک عام شہری ہیں جنہوں نے کنٹونمنٹ پولیس تھانے میں فوجی افسر کے خلاف ایف آئی آر درج کروادی ہے۔
شکایت گزار کے مطابق ان کی بیوی روس سے تعلق رکھتی ہیں اور بھارت میں گزشتہ 10 سال سے رہائش پذیر ہیں۔
سپرنٹنڈنٹ پولیس(ایس پی)راج کمار اگروال نے بتایا کہ اپنی شکایت میں متاثرہ خاتون کے شوہر نے کہا کہ مذکورہ فوجی افسر نے اپنی لیفٹیننٹ کرنل سے کرنل کے عہدے پر ترقی ہونے کی خوشی میں پارٹی منعقد کی تھی جس میں انہیں اور ان کی اہلیہ کو بھی مدعو کیا تھا۔
مدعی نے الزام عائد کیا کہ ملزم نے پہلے انہیں مبینہ طور پر نشہ آور مشروب پلایا اس کے بعد ان کی اہلیہ کی ساتھ زیادتی کی۔ملزم نے خاتون کے مزاحمت کرنے پر اسے مبینہ تشدد کا بھی نشانہ بنایا۔
اس ضمن میں ایس پی کا مزید کہنا تھا کہ پولیس نے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے اور کرنل کو گرفتار کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔