کوک اسٹوڈیو 2020 میں میشا شفیع اور علی پرویز مہدی کا گانا ’گل سُن‘ سرحد پار تعریفیں سمیٹنے میں کامیاب ہوگیا۔
بھارت کے مشہور پنجابی گلوکار دلیر مہندی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر علی پرویز مہدی اور میشا شفیع کے نام ایک تعریفی پیغام شیئر کیا۔
دلیر مہندی نے کہا کہ دوستوں آج مجھے بہت خوشی ہوئی ہے کہ میں نے پرویز مہدی کے بڑے صاحبزادے علی پرویز مہدی کا گانا سنا۔
انہوں نے کہا کہ کوک اسٹوڈیو میں کمال ہی ٹریک آیا ہے اور میشا شفیع نے گل سن کمال گایا، مجھے بہت سالوں سے انتظار تھا کہ رب کوئی ایسا دن لے کر آئے کہ علی پرویز مہدی کا گانا آئے، لوگ اس کی آواز سنیں اور وہ مارکیٹ میں ہٹ ہوجائے، اس بات کی بہت خوشی ہے رب لمبی عمر دے۔
دلیر مہندی کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ مجھ سمیت پرویز مہدی صاحب کو چاہنے والے جتنے بھی لوگ ہیں ہم سب بہت خوش ہیں اگر آج پرویز صاحب یا علی پرویز کے دادا جی ہوتے تو مجھے لگتا ہے کہ ان کو بہت خوشی ہوتی، میں بہت خوش ہوں۔
گلوکار نے اپنے مداحوں سے بھی کوک اسٹوڈیو 2020 کی دوسری قسط میں جاری گانے گل سن سننے، اسے لائیک کرنے اور شیئر کرنے کی درخواست کی ۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے کوک اسٹوڈیو 2020 کی جاری کی گئی دوسری قسط میں علی پرویز مہدی اور میشا شفیع کے گائے ہوئے گانے’ گل سن ‘ کو راحت فتح علی خان کے گانے دل تڑپے پر مقبولیت حاصل ہوگئی تھی۔
دوسری قسط میں پیش کیے گئے 3 گانوں میں راحت فتح علی خان اور زارا مدنی کا ’ دل تڑپے‘ وجیہہ نقوی کا ’ یقین‘ اور میشا شفیع کا گانا ’گل سن‘ شامل ہے۔
ریلیز کیے جانے کے بعد سے اب تک گانے کو 36 لاکھ 48 ہزار سے زائد ویوز حاصل ہوچکے ہیں۔