ماضی کی معروف و سینیئر اداکارہ فردوس بیگم انتقال کر گئیں۔

معروف و سینیئر اداکارہ فردوس بیگم کچھ عرصے تک ہسپتال کے انتہائی نگہداشت کے وارڈ (آئی سی یو) میں داخل رہنے کے بعد انتقال کر گئیں۔

1960 کے بعد نوجوانی میں ہی فلمی کیریئر کا آغاز کرنے والی فردوس بیگم کا پیدائشی نام پروین تھا ، وہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں پیدا ہوئی تھیں اور انہوں نے 4 دہائیوں کے فلمی سفر میں 150 کے قریب فلموں میں کام کیا۔

فردوس بیگم کو ان کی معروف فلموں 'ہیر رانجھا، دلاں دے سودے، آنسو، ملنگی اور فانوس' سے شہرت ملی۔

فردوس بیگم نے زیادہ تر پنجابی زبان کی فلموں میں کام کیا اور انہیں پنجابی فلموں کی سپر اسٹار کا درجہ بھی حاصل رہا تاہم پنجابی کے علاوہ اردو اور پشتو زبان کی فلموں میں بھی کام کیا، علاوہ ازیں وہ ٹی وی و تھیٹر پر بھی اداکاری کرتی دکھائی دیں۔

فردوس بیگم گزشتہ کئی سال سے طویل العمری کے باعث صحت کے مختلف مسائل کا شکار تھیں جب کہ گزشتہ ہفتے فردوس بیگم کو برین ہیمبرج کے باعث لاہور کے نجی ہسپتال کے انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں داخل کرایا گیا تھا۔

چند دن تک ہسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد 16 دسمبر کو وہ فانی دنیا سے کوچ کر گئیں۔