کراچی: شہر قائد میں بینک میں ہونے والی چوری کی واردات نے انتظامیہ کے دعوؤں کی قلعی کھول دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلبرگ شاہراہ پاکستان پر واقع نجی بینک میں چوری کی بڑی واردات ہوئی، جہاں نامعلوم ملزمان اے ٹی ایم اکھاڑ کر کیش ٹرے ہی ساتھ لے گئے۔
واقعے سے متعلق پولیس کا موقف ہے کہ ملزمان نے اے ٹی ایم میں داخل ہوتے ہی اے ٹی ایم مشین کو اکھاڑا، اے ٹی ایم کی دوٹرے میں تقریبا اٹھارہ لاکھ کیش تھا، وہ بیگ میں بھرا، ملزمان نے تیسری ٹرے بھی کھولی، جس میں صرف پانچ ہزار کیش تھا، اسے چھوڑ کے فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے پانچ سے چھ منٹ میں واردات کی اس دوران بینک انتظامیہ بے خبر رہی، انتظامیہ کے مطابق بینک کا الارم بھی نہیں بجا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کے مطابق بینک میں کوئی سیکیورٹی گارڈ تعینات نہیں، ملزمان نے منٹوں میں اپناکام کیا اور فرار ہوگئے، واقعے سے متعلق تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔