بھارتی فلم انڈسٹری کو خیرباد کہنے والی ثناء خان نے شوہر مفتی انس سے پہلی بار ملاقات کے حوالے سے بھی بتا دیا۔
ثناء خان بالی وڈ کو خیرباد کہہ کر خبروں میں ہیں اور عالم دین انس سید سے شادی کے بعد نہایت خوش ہیں۔ دونوں میاں بیوی اپنی مصروفیات کے حوالے سے ویڈیوز اور تصاویر بھی انسٹا گرام پر شیئر کرتے رہتے ہیں۔
حال ہی میں ثناء خان نے شوہر سے ہونے والی پہلی ملاقات کے بارے میں بھی بتایا ہے۔ بھارتی میڈیا کو انٹرویو میں ثناء خان نے بتایا کہ مفتی انس سے 2017 میں مکہ مکرمہ میں ملاقات ہوئی تھی اور یہ ملاقات میری بھارت واپسی کے روز ہوئی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ انس سید نے خود کو مذہبی اسکالر کے طور پر متعارف کرایا تھا جس کے بعد 2018 تک مسلسل رابطے میں رہی اور وقتاً فوقتاً مذہب سے متعلق سوالات پوچھتی رہی۔
انہوں نے بتایا کہ بعد ازاں ہمارا دوبارہ رابطہ رواں برس ہوا اور شادی بھی۔
قبل ازیں ثناء خان کے شوہر انس سید کا کہنا ہے کہ میرا ثناء سید کو فلم انڈسٹری چھڑوانے میں کوئی ہاتھ نہیں ہے بلکہ یہ ان کا ذاتی فیصلہ ہے۔
خیال رہے کہ اداکارہ ثناء خان نے بالی وڈ کو رواں برس کے آغاز میں خیرباد کہنے کا اعلان کیا تھا جبکہ ان کی عالم دین انس سید سے شادی گزشتہ برس نومبر میں ہوئی ہے۔