بالی وڈ کے سپر اسٹار گووندا آج اپنی 57 ویں سالگرہ منا رہے ہیں اور ان کا شمار ورسٹائل اداکاروں اور بہترین ڈانسرز میں ہوتا ہے۔
گووندا 80 اور 90 کی دہائی میں بالی وڈ سنیما پر چھائے رہے اور کئی بہترین فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے، سنجیدہ کردار ہوں یا کامیڈی ہر ایک کردار کو امر کردیا۔
گووندا آج بالی وڈ کا چمکتا دمکتا ستارہ ہیں لیکن اس مقام کیلئے انہوں نے انتھک محنت کی ہے اور مشکلات کا بھی سامنا کیا۔
ان کے والد ارون کمار اہوجا اداکار جبکہ والدہ گلوکارہ اور اداکارہ تھیں لیکن اس کے باوجود گووندا کو مفلسی دیکھنا پڑی۔
چند برس قبل ایک انٹرویو میں گووندا نے ماضی پر سے پردہ اٹھاتے ہوئے بتایا تھا کہ گھر چلانے کیلئے والدہ کو بہت محنت کرنا پڑتی تھی اور کامرس میں گریجویشن کے بعد گھر چلانے کیلئے نوکری کی تلاش شروع کی تو بہت پاپڑ بیلنے پڑے۔
ان کا کہنا تھا کہ ممبئی کے تاج ہوٹل میں اسٹیورڈ کیلئے انٹرویو دینے گیا تھا لیکن یہ نوکری نہیں ملی کیونکہ میں انگلش نہیں بول سکتا تھا اور انٹرویو میں بھی انگلش نہیں بولی تھی۔