گلوکارہ میشا شفیع نے انقلابی اور رومانوی شاعری کرنے والے فیض احمد فیضؔ کے شعر میں ردو بدل کرنے پر ان کے مداحوں سے معافی مانگتے ہوئے اپنا ٹوئٹ ڈیلیٹ کردیا۔
کچھ روز قبل میشا شفیع نے فیض احمد فیض کے مشہور زمانہ شعر کے مصرع میں لفظوں کے ردوبدل سے شعر کے معنی ومفہوم تبدیل کردیے تھے۔
میشا شفیع نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر فیض احمد فیض کے مشہور شعر بول کے لب آزاد ہیں تیرے کو اپنے الفاظ دیتے ہوئے ’ٹرول کے لب آزاد ہیں تیرے‘ لکھتے ہوئے ناقدین پر تنقید کی تھی۔
اس پر فیض احمد فیض کے نام سے چلائے جانے والے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے میشا کو مخاطب کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا گیا کہ ’آپ تو فیض صاحب کی شاعری پر گانے گا کرہی مشہور ہوئی ہیں اور ان کی ہی شاعری پر ٹرول کر رہی ہیں۔‘
میشا کو ان کی غلطی کا احساس دلاتے ہوئے ایک اور ٹوئٹ کی گئی کہ یہ اچھی بات نہیں ہے، کیا ہم نے کبھی آپ کے گانوں کو ٹرول کیا؟
مشہور شاعر فیض احمد فیض کےچاہنے والوں کا رد عمل دیکھتے ہوئے گلوکارہ میشا شفیع نے اپنا ٹوئٹ ڈیلیٹ کردی اور فیض کے مداحوں سے معافی بھی مانگ لی۔