نجی ٹی وی کے مقبول ڈرامہ سیریل 'گھر تتلی کا پَر' میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے علی عباس کا کہنا ہے کہ اب کام انسٹاگرام پر فالوورز کی تعداد کی بناء پر دیا جاتا ہے۔
حال ہی میں علی عباس فوشیا میگزین کے ایک انٹرویو میں جلوہ گر ہوئے جہاں انہوں نے شکوہ کیا کہ لوگوں کو ٹیلنٹ کے حساب سے نہیں انسٹاگرام فالوورز کے حساب سے کاسٹ کیا جاتا ہے۔
علی عباس نے کہا ’میرے ابھی انسٹاگرام پر 2 لاکھ 17 ہزار فالورز ہیں اور لوگ میرے کام کی طرف نہیں بلکہ انسٹاگرام فالوورز کی تعداد کو دیکھتے ہوئے بات کرتے ہیں جو کہ بلکل غلط بات ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’کیا آپ سلیم ریاض کے ٹیلنٹ کو انسٹاگرام فالوورز کی بنیاد پر جج کریں گے؟ یا آپ نعمان اعجاز کا ٹیلنٹ انسٹاگرام پر جج کریں گے‘؟
علی عباس نے کہا کہ ’یہاں پر ہر ٹک ٹاکر، انسٹاگرامر اور اب یوٹیوبر ان سب کو کاسٹ کیا جا رہا ہے، کسی کی ویڈیو وائرل ہوگئی تو اسے کاسٹ کیا جا رہا ہے‘۔
واضح رہے کہ اداکار علی عباس حال ہی میں جیو انٹرٹینمنٹ کے ڈرامہ سیریل 'فطرت' میں کام کر رہے ہیں‘۔