لاہور: آئی سی سی نے کرکٹ میں کرپشن کے بھارتی ماسٹر مائنڈ کو منظر عام پر لانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایک برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں میچز میں ہونے والی بیشتر فکسنگ کے تانے بانے کہیں نہ کہیں 10سے 12 بھارتی بکیز سے ہی جاکر ملتے ہیں۔
فکسنگ کے خلاف کرکٹرز اور آفیشلز کی مدد سے جمع کیے جانے والے شواہد کی روشنی میں نئی دہلی سے تعلق رکھنے والے ایک ماسٹر مائنڈ کے بارے میں تحقیقات حتمی مراحل میں ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس شخص اور اس کے ساتھیوں کے نام اور تصاویر آئی سی سی کی ویب سائٹ پر جاری کرتے ہوئے کھلاڑیوں کو ان سے خبردار رہنے کا کہا جائے گا اور خبردار کیے جانے کے باوجود رابطہ رکھنے پر سخت کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ کے سربراہ ایلکس مارشل کا کہنا تھا کہ فکسرز ٹی ٹونٹی لیگز میں فرنچائزز خرید لیتے ہیں اور کسی اور کو مالک بنا کر پیش کرتے ہیں جب کہ خود پردے کے پیچھے بیٹھ تمام معاملات سنبھالتے ہیں۔