کورونا میں اضافےکاخدشہ:خیبرپختونخوا میں تقریبات پر پابندی ،بازار8 بجے بند کرنےکاحکم

کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں آج سے مارکیٹیں 8 بجے بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا  حکومت  نے  کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے پیش نظرصوبے کے مختلف شہروں  پشاور ،مردان، نوشہرہ، ایبٹ آباد، سوات، صوابی اور ملاکنڈ میں مارکیٹیں 8 بجے بند کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔

محکمہ داخلہ خیبر پختون خوا کے جاری کردی نوٹی فکیشن کے مطابق ہر قسم کے بازار رات 8 بجے بند ہوجائیں گے تاہم ادویات، بیکری، کریانہ اور دیگر ضروری اشیاء کی دکانیں کھلی رہیں گی۔

نوٹی فکیشن کے مطابق شادی ہالوں اور ریسٹورنٹس میں انڈور تقریبات، شہر میں ہر قسم کی ثقافتی تقریبات اور کھیلوں کے انعقاد پر پابندی ہوگی ۔

اس کے علاوہ کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے پیش نظرصوبے میں مزارات اور سنیما گھر بھی بند  ہیں جب کہ پارک بھی 6 بجے بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے اور ان احکامات پر فوری طور پر اطلاق کیا گیا ہے۔

محکمہ داخلہ نے کہا ہے کہ پبلک پارکس شام 6 بجے بند ہوجائیں گے، حفاظتی ماسک اور سماجی فاصلوں پر عمل لازمی ہوگا۔

واضح رہے کہ ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کےد وران کورونا سے مزید 29 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ 2200 سے زائد نئے کیسز بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔