بنگلا دیش میں کارگو جہاز سے ٹکرانے کے بعد کشتی الٹنے کے نتیجے میں کم از کم 26 افراد ہلاک ہو گئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق بنگلا دیش کے شیتا لکھیا دریا میں 100 سے زائد مسافروں سے بھری چھوٹی مسافر کشتی ایک کارگو جہاز سے ٹکرانے کے بعد الٹ گئی۔
بنگلادیشی میڈیا کے مطابق اتوار کے روز پیش آنے والے حادثے میں اب تک 26 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے، 5 لاشیں گزشتہ روز ہی نکال لی گئی تھیں جبکہ مزید 21 لاشیں پیر کے روز نکالی گئیں۔
پولیس اور عینی شاہدین کا بتانا ہے کہ حادثے کے فوری بعد کارگو جہاز موقع سے فرار ہو گیا۔
بنگلا دیشی حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں ہلاک ہونے والوں کو 25000 ٹکا فی کس معاوضہ دیا جائے گا جبکہ حادثے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی بھی قائم کر دی گئی ہے۔