صنعا: بحیرہ احمر میں ایران کے پاسداران انقلاب کے ساویز جہاز کو بارودی سرنگ دھماکے کا نشانہ بنایا گیا جس کےنتیجے میں جہاز کے ایک حصے کو نقصان پہنچا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق بحیرہ احمر میں برسوں سے لنگر انداز ایرانی کارگو کمپنی کے پاسداران انقلاب کے زیر استعمال جہاز کو بارودی سرنگ دھماکے میں تباہ کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔
ساویز جہاز کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ بحیرہ احمر میں یمن کی سرحد کے قریب ایران کی پاسداران انقلاب کے عارضی نیم فوجی اڈے کے طور پر استعمال ہوتا ہے تاہم ایران کا کہنا ہے کہ یہ غیر فوجی جہاز ہے جو عالمی سمندری تنظیم میں رجسٹرڈ ہے اور لاجسٹک اسٹیشن کے طور پر استعمال ہوتا ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں ایرانی جہاز پر حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ایم وی ساویز کو دھماکے سے معمولی نقصان پہنچا ہے۔ دھماکے کی نوعیت اور وجہ کے تعین کرنے کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔
واضح رہے کہ ایرانی جہاز پر حملہ اس وقت ہوا جب یورپی یونین کے توسط سے عالمی طاقتیں ویانا میں امریکا اور ایران کے نمائندوں کی عالمی جوہری معاہدے پر مذاکرات کے لیے معاونت کر رہی ہیں۔