نیو دہلی: بھارت میں کورونا وائرس بے قابو ہوگیا جس کے بعد صرف 24 گھنٹوں کے دوران وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 2 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ملک میں کورونا وائرس بے قابو ہوگیا ہے اور صرف ایک دن کے دوران ریکارڈ 2 لاکھ سے زائد مثبت کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد ملک میں اسپتالوں میں بیڈ اور آکسیجن سپلائی کی شدید قلت کا سامناہے۔
بھارتی وزارت صحت کی جانب سے جاری اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 200،739 کیسز ریکارڈ ہوئے جب کہ 1038 اموات ہوئیں، کورونا وائرس کے باعث اب تک ایک کروڑ 40 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے جب کہ اموات کی تعداد ایک لاکھ 73 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔
حالیہ کیسز مں اضافے کے باعث بھارت میں اسپتالوں اور طبی عملے کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، متعدد ریاستوں میں آئی سی یو بیڈز سمیت آکسیجن سلینڈر کی شدید قلت ہے اور اسپتالوں میں مریضوں کے لیے بھی جگہ کی کمی کا سامنا ہے۔
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی آبائی ریاست گجرات میں اسپتالوں میں جگہ کی کمی کے باعث ایمبولینس کی لمبی لائن لگی ہوئی ہے جس میں مریضوں کا علاج کیا جارہا ہے جب کہ دوسری جانب ڈاکٹرز کی جانب سے گجرات کے وزیراعلیٰ کو خط لکھا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اگر صورتحال ایسی ہی رہی تو اموات میں اضافے کا خدشہ ہے۔