تیونس سٹی: بحیرہ روم میں تارکین وطن کو لیکر جانے والی ایک کشتی ڈوب گئی جس کے نتیجے میں 41 افراد ڈوب کر ہلاک ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق تیونس کے ساحلی شہر سیدی منصور میں ایک کشتی الٹ گئی، جس میں 45 سے زائد افراد سوار تھے اور یہ اچھے مستقبل کا خواب لیے یورپی ممالک جانا چاہتے تھے۔
اقوام متحدہ کی پناہ گزینوں کی امدادی تنظیم اور آرگنائزیشن فار مائیگریشن کا کہنا ہے کہ تیونس کے کوسٹ گارڈ کے غوطہ خوروں نے تین افراد کو سمندر سے بحفاظت نکال لیا تاہم 41 افراد ڈوب کر ہلاک ہوگئے۔
ہلاک ہونے والے افریقی تارکین وطن تھے جن میں ایک بچہ بھی شامل ہے۔ لاشوں کو ضروری کارروائی کے بعد تنظیم کی جانب سے آبائی علاقوں کو بھیجی جائیں گی۔ رواں ہفتے کے آغاز میں جبوتی کے سمندر میں تارکین وطن کی کشتی الٹنے سے 37 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔