جامعہ الازہر کے ایک عالم دین کے بیان نے ملک میں تنقید کا نیا طوفان برپا کردیا ہے۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کی رپورٹ کے مطابق ایم بی سی مصر چینل کے ایک پروگرام میں معروف صحافی عمرو ادیب سے گفتگو کرتے ہوئے جامعہ الازہر میں تقابلی فقہ کے استاد سعد الدین الہلالی نے زور دیا کہ مصر میں پانی کی کمیابی پر قابو پانے کیلئے اللہ کی اس نعمت کا بہت سوچ سمجھ کر استعمال کرنے کی ضرورت ہے اور اس بات کا وضو کے دوران بھی خاص خیال رکھتے ہوئے پانی کو ضائع ہونے سے بچانا چاہئے۔
انہوں نے مطالبہ کیا پانی کو ضائع ہونے سے بچانے کی خاطر ہمیں وضو کیلئے گیلے ٹشو پیپر استعمال کرنے چاہئیں۔ سعد الدین الہلالی نے کہا کہ جس طرح زراعت میں پانی کو ضائع ہونے سے بچانے کیلئے ڈرپ اریگیشن کا سہارا لیا جارہا ہے، اسی طرح وضو کو منطقی انداز سے مکمل کرکے ہم پانی کا ضیاع روک سکتے ہیں۔
مصری پروفیسر کے خیالات مشتہر ہوتے ہی پورے ملک بالخصوص سوشل میڈیا پر ان کیخلاف تنقید کا طوفان اٹھ کھڑا ہوا ہے۔
یاد رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں کہ سعد الدین الہلالی نے متنازع بیان یا فتویٰ دیا ہو۔ اس سے قبل بھی ان کے ایسے ہی متعدد متنازع بیانات عوام میں ہیجان پیدا کرنے کا باعث بنتے رہے ہیں