میڈیا رپورٹس کے مطابق عالمی وبائی ماہرین کا کہنا ہے کہ اب تک کم از کم دس ممالک میں پھیلنے والا، بھارت کا ’’ڈبل میوٹینٹ‘‘ کورونا وائرس دنیا کےلیے ایک نیا خطرہ بن گیا ہے جبکہ بھارتی حکومت اس معاملے میں ذمہ داری کا ثبوت دینے کو تیار نہیں۔
ٹیلی گراف، بلومبرگ اور فرسٹ پوسٹ سمیت، مختلف بین الاقوامی ویب سائٹس نے عالمی ادارہ صحت اور بھارتی وبائی ماہرین کے حوالے سے بتایا ہے کہ کورونا وائرس کی بھارتی قسم B.1.617 کو دنیا بھر میں تشویش کی نگاہ سے دیکھا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ ناول کورونا وائرس (سارس-کوو-2) کی بھارتی قسم کو ’’ڈبل میوٹینٹ‘‘ بھی کہا جاتا ہے کیونکہ اس میں دو ایسی تبدیلیاں دیکھی گئی ہیں جو اس کے پھیلاؤ کو تیز رفتار بنانے کے علاوہ، ممکنہ طور پر، اس کی ہلاکت خیزی میں بھی اضافے کا باعث ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران بھارت میں 2 لاکھ 73 ہزار 810 نئے کووِڈ 19 کیسز جبکہ مزید 1619 اموات ریکارڈ ہوئے ہیں۔ ماہرین کو خدشہ ہے کہ بھارت میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز میں زیادہ کردار اسی ’’ڈبل میوٹینٹ‘‘ کا ہے۔
بھارتی ’’ڈبل میوٹینٹ‘‘ پہلی بار گزشتہ برس کے اختتام پر رپورٹ ہوا تھا لیکن مودی سرکار نے جان بوجھ کر اسے نظرانداز کیے رکھا۔