ناسک: بھارت کے ذاکر حسین ہسپتال میں آکسیجن سلنڈر لیک ہونے کی وجہ سے کورونا وارڈ کو آکسیجن گیس کی سپلائی متاثر ہوگئی جس کے نتیجے میں 24 مریض دم توڑ گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست مہاراشٹر کے اہم شہر ناسک کے ذاکر حسین ہسپتال میں آکسیجن گیس کے اسٹوریج روم میں لیکیج کی وجہ سے کورونا وارڈ کے مریضوں کو آکسیجن سپلائی متاثر ہونے سے 24 افراد ہلاک ہوگئے۔
آکسیجن گیس اسٹوریج میں لیکیج اُس وقت ہوئی جب وہاں گیس بھری جارہی تھی۔ دیکھتے ہی دیکھتے پورا اسٹوریج روم گیس سے بھر گیا۔ آکسیجن سپلائی کرنے والے ادارے کے اہلکار مکمل طور پر بے بس دکھائی دیئے۔
ہاراشٹر کے وزیراعلیٰ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کے لیے اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے جب کہ لواحقین کو فی کس 5 لاکھ روپے امدادی رقم کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔
آکسیجن گیس کی کم فراہمی کے باعث سب سے پہلی وینٹی لیٹر پر موجود 11 مریض جان کی بازی ہار گئے اس کے بعد مزید 13 مریض جو سلنڈر سے آکسیجن لے رہے تھے ہلاک ہوگئے۔
واضح رہے کہ بھارت میں کورونا کے نئے کیسز کی تعداد یومیہ بنیادوں پر 2 لاکھ کے قریب پہنچ گئی ہے جس کے بعد اسپتالوں میں مریضوں اور شمسان گھاٹ میں میتوں کی تعداد میں اضافہ ہونے سے افراتفری اور بدمزگی پیدا ہوگئی ہے۔