ریاض:سعودی عرب نے سترہ مئی سے انٹرنیشنل فلائٹس بحال کرنے کا اعلان کر دیا۔
سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق سعودی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سعودی عرب 17 مئی سے انٹرنیشنل فلائٹ آپریشن دوبارہ شروع کررہا ہے۔
تاہم تین فروری کو پاکستان سمیت جن 20 ممالک کے شہریوں کی سعودی عرب آمد پر پابندی عائد کی گئی تھی، وہ فی الحال مملکت میں نہیں آسکیں گے۔
ترجمان کے مطابق مذکورہ 20 ممالک میں کورونا وائرس کی صورتحال کو دیکھ کر ہی حتمی فیصلہ کیا جائے گا، پابندی کا شکار ممالک میں پاکستان کے علاوہ امریکا، برطانیہ، بھارت، ارجنٹائن، متحدہ عرب امارات، ترکی، انڈونیشیا، مصر، لبنان، جاپان، جرمنی، آئرلینڈ، اٹلی، برازیل، پرتگال، سویڈن، جنوبی افریقہ، سوئس کنفیڈریشن اور فرانس شامل ہیں۔
دوسری جانب عراق، ملائیشیا، بحرین، اردن، عمان، قطر، بنگلہ دیش، افغانستان سمیت دنیا کے دیگر ممالک سے مسافروں کو سرزمین مقدس میں آنے کی اجازت ہو گی، تاہم وہ باشندے سعودی عرب میں داخل نہیں ہو سکیں گے جنہوں نے گزشتہ 14 دنوں میں پابندی والے ممالک کا سفر کیا ہو گا۔