تل ابیب: شام کی سرحد سے اسرائیل پر میزائل حملہ کیا گیا جو اسرائیل کے جنوبی علاقے النقب میں گرا۔
میزائل حملے میں ڈیمونہ کے خفیہ جوہری ری ایکٹر کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تاہم کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ میزائل حملے میں جوہری ری ایکٹر کو نہیں بلکہ اسرائیلی طیارے کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔
اسرائیلی ملٹری کے مطابق ڈیمونہ میں واقع جوہری ری ایکٹر کے علاقے میں میزائل حملے سے قبل دفاعی نظام کے تحت لگائے گئے سائرن بجنا شروع ہوگئے تاہم میزائل جوہری ری ایکٹر سے بہت دور گرا جب کہ حملے کے بعد شام میں جوابی کارروائی بھی کی گئی اور میزائل لانچر کو نشانہ بناکر تباہ کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب شامی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے حملے میں 4 فوجی زخمی ہوئے جب کہ متعدد اسرائیلی میزائلوں کو خود کار دفاعی نظام کے تحت فضا میں ہی ناکارہ بنادیا گیا۔
میزائل حملے سے متعلق ابھی تک کسی نے ذمہ داری قبول نہیں کی تاہم ایران کی جانب سے جوہری ری ایکٹر پر حملے کے بعد اسرائیل کے ڈیمونہ میں خفیہ جوہری ری ایکٹر کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی گئی تھی۔