ممبئی: مہاراشٹرا کے ایک اسپتال میں قائم کورونا وارڈ میں آگ لگنے سے مزید 13 مریض دم توڑ گئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے شہرممبئی کے اسپتال کے کورونا وارڈ میں آگ لگ گئی جس کے باعث کورونا وبا کے 13 مریض جان کی بازی ہارگئے جب کہ متعدد مریض زخمی بھی ہوئے جنہیں دوسرے اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔
اسپتال کے سی ای اوکا کہنا ہے کہ جس وقت اسپتال میں آگ لگی اس وقت 90 مریض زیرعلاج تھے۔ سی ای او نے میڈیا کی جانب سے ڈاکٹرنہ ہونے کے اس الزام کو بھی مسترد کردیا کہ حادثہ کے وقت ڈاکٹرزبھی موجود تھے جب کہ اسپتال آگ سے بچنے کے تمام اقدامات پرعمل پیرا ہے۔
دوسری جانب آج بھی گزشتہ روزکی طرح بھارت میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے تین لاکھ 32 ہزارنئے مریضوں کی تصدیق کی گئی ہے۔ بھارتی وزارت صحت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق مریضوں کی یہ تعداد عالمی سطح پر یومیہ متاثرین کی ریکارڈ تعداد ہے۔
واضح رہے کہ 2 روزقبل ہی ریاست مہاراشٹرکے ذاکرحسین اسپتال میں آکسیجن سلنڈرلیک ہونے کی وجہ سے کورونا وارڈ کو آکسیجن گیس کی سپلائی متاثرہوگئی جس کے نتیجے میں 24 مریض دم توڑ گئے تھے۔