بغداد میں کورونا کے 82 مریض زندہ جل مرے

بغداد: عراق کے ایک ہسپتال میں آکسیجن سلینڈر پھٹنے سے کورونا وارڈ میں آگ بھڑک اُٹھی جس کے نتیجے میں 82 مریض بری طرح جھلس کر ہلاک ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق عراقی دارالحکومت بغداد کے ابن الخطیب ہسپتال میں آتشزدگی کے نتیجے میں کورونا کے 82 مریض ہلاک ہوگئے، ہسپتال میں آگ آکسیجن سلینڈر پھٹنے کی وجہ سے لگی۔

 

حادثے کے بعد فوری طور پر آگ بجھانے کے لیے امدادی کارروائیاں شروع کی گئیں اور ہسپتال میں موجود مریضوں اور ان کے تیمارداروں سمیت دیگر عملے کو باہر نکالا گیا۔

 

عراقی شہری دفاع کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ہسپتال میں آگ بجھانے کا کوئی انتظام نہیں جس کی وجہ سے آگ نے تیزی سے پورے ہسپتال کو اپنی لپیٹ میں لیا جب کہ مریضوں کو آگ کی وجہ سے وینٹیلیٹرز سے ہٹانا پڑا جس کے باعث زیادہ جانی نقصان کا سامنا ہوا۔

 

انسانی حقوق کمیشن نے آتشزدگی کے واقعے کو مجرمانہ غفلت قرار دیتے ہوئے عراقی وزیراعظم سے وزیر صحت کو برطرف کرنے کا مطالبہ کیا ہے جس کے بعد وزیراعظم نے تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی ہے۔