دمشق:شام کی ساحلی حدود میں ہفتے کے روزایران کے ایک آئل ٹینکر پر ڈرون حملے میں تین افراد ہلاک ہوگئے۔ڈرون ٹکرانے کے بعد ٹینکر میں آگ لگ گئی تھی۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق برطانیہ میں قائم شامی رصدگاہ برائے انسانی حقوق نے ایرانی ٹینکرپرحملے کی اطلاع دی اور بتایا کہ اس میں مرنے والوں میں تیل بردار ٹینکر کے عملہ کے دور ارکان بھی شامل ہیں لیکن اس نے یہ نہیں بتایا کہ آیا کوئی میزائل اس پر داغا گیا ہے یا اس کو ڈرون سے نشانہ بنایا گیا ہے۔
شام کی سرکاری خبررساں ایجنسی نے بھی اس واقعے کی تصدیق کی اور یہ کہا کہ ہمیں یہ یقین ہے کہ لبنان کے پانیوں کی سمت سے یہ ڈرون حملہ کیا گیا ہے۔
اس سے ٹینکر میں لگنے والی آگ کو بجھا دیا گیا ہے۔تاہم شامی میڈیا نے اپنی رپورٹ میں حملے میں ہلاکتوں کا کوئی ذکر نہیں کیا۔
اس نے مزید بتایا کہ شام کے ساحلی صوبہ طرطوس میں واقع شہربانیاس کی آئل ریفائنری کے نزدیک ایرانی ٹینکر پر یہ حملہ کیا گیا تھا۔طرطوس پرشامی صدر بشارالاسد کی حکومت کا کنٹرول ہے۔
فوری طورپر یہ واضح نہیں ہواکہ اس حملے کے پیچھے کس گروپ یا ملک کا ہاتھ کارفرما ہے۔شامی رصدگاہ کے سربراہ رامی عبدالرحمن کاکہنا تھا کہ شام کے پانیوں میں کسی آئل ٹینکرپر اس طرح کا یہ پہلا حملہ ہے لیکن ماضی میں بانیاس ٹرمینل کوحملوں میں نشانہ بنایا جاچکا ہے۔