کابل: افغانستان کے صوبے کنڑ کے گورنر ہاؤس میں مقابلہ حسن قرأت کی تقریب میں راکٹ سے حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں بچوں سمیت 16 افراد زخمی ہوگئے۔
افغان میڈیا کے مطابق صوبے کنڑ کے گورنر ہاؤس میں طلبا کے درمیان حسن قرأت اور قرآن کوئز کی تقریب میں نامعلوم مقام سے راکٹ داغا گیا جس کے نتیجے میں 3 طلبا اور عملے کے 2 ارکان زخمی ہوگئے۔
زخمیوں میں سے دو حالت کی نازک بتائی جارہی ہے۔ خوش قسمتی سے گورنر اقبال سعید حملے میں محفوظ رہے۔ تاحال کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ حملہ آوروں کی تلاش میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب صوبے لوگر کی قیمتی تانبے کی کان کی حفاظت پر مامور پولیس پارٹی پر طالبان جنگجوؤں نے حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں 12 اہلکار ہلاک ہوگئے۔ حملہ آور جاتے ہوئے اسلحہ اور پولیس کی گاڑی بھی اپنے ہمراہ لے گئے۔
ادھر صوبے قندھار میں بارودی سرنگ دھماکے میں اسپیشل پولیس کے ضلعی چیف وارث اچکزئی ہلاک ہوگئے جب کہ ان 4 محافظ شدید زخمی ہیں جن میں سے ایک کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔