دانیال ظفر کی ماہرہ خان کیساتھ کام کیلئے بڑی شرط

کراچی: گلوکار علی ظفر کے چھوٹے بھائی دانیال ظفر جو خود بھی گلوکار ہیں کا کہنا ہے کہ اگر وہ ماہرہ خان کے ساتھ کام کریں تو ماہرہ کو ان کی بڑی بہن بننا پڑے گا۔

دانیال ظفر پاکستان کے ابھرتے ہوئے گلوکار ہیں جو اداکاری کے میدان میں بھی قدم رکھ چکے ہیں۔

حال ہی میں نجی چینل سے نشر ہونے والے ان کے ڈرامے ’’تانا بانا‘‘ کو شائقین کی جانب سے پسند کیا جارہا ہے۔ اس کے علاوہ وہ ماہرہ خان کی پروڈکشن میں بننے والی پہلی ویب سیریز’’بارہواں کھلاڑی‘‘ میں بھی مرکزی کردار ادا کررہے ہیں۔

انڈیپنڈنٹ اردو کو دئیے گئے انٹرویو میں دانیال ظفر نے ’’بارہواں کھلاڑی‘‘ میں اپنے کردار کے بارے میں بتایا کہ ویب سیریز میں وہ ایک کرکٹر کا کردار ادا کررہے ہیں اور وہ خود بارہویں کھلاڑی ہیں۔ ان کے مقابل اداکارہ کنزیٰ ہاشمی مرکزی کردار ادا کررہی ہیں۔

دانیال نے بتایا کہ انہوں نے پہلے کبھی کرکٹ نہیں کھیلی لہذا اس کردار کے لیے انہوں نے اپنے کزن سے مدد لی اور اپنے بڑے بھائی علی ظفر سے بھی سیکھنے کا موقع ملا۔

دانیال ظفر سے جب پوچھا گیا کہ کیا وہ ماہرہ خان کے ساتھ اداکاری کرنے کی خواہش رکھتے ہیں تو انہوں نے جواب دیا اگر وہ اور ماہرہ خان ایک ساتھ کام کریں بھی تو ماہرہ کے ساتھ ان کا کردار کیا ہوسکتا ہے وہ یا تو ان کی بڑی بہن بن سکتی ہیں یا اس قسم کا کوئی دوسرا کردار۔

بعد ازاں انہوں نے ہنستے ہوئے ماہرہ خان سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ تین چار سال بعد ایسا ممکن ہوسکتا ہے جب وہ عمر میں کچھ بڑے ہوجائیں گے۔ دانیال نے کہا ان کی خواہش ضرور ہے کہ ماہرہ خان کے ساتھ کام کریں۔

دانیال ظفر نے بتایا کہ ان کا ماہرہ خان کے ساتھ کام کرنے کا پہلا تجربہ بطور اداکارہ نہیں بلکہ پروڈیوسر کی حیثیت سے ہوا ہے تو جب  بھی ان سے کردار یا کہانی کے بارے میں بات ہوئی تو وہ ہمیشہ پرجوش رہیں اور اسکرپٹ پر وہ خود بھی کام کرتی رہی ہیں تاکہ بہتر نتائج مل سکیں۔