نئی دہلی:شہنشاہ جذبات کہلائے جانے والے بولی وڈ کے لیجنڈ اداکار دلیپ کمار ناسازی طبیعت کے باعث ہسپتال میں داخل ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دلیپ کمار کو کچھ طبی مسائل کے باعث گزشتہ روز ہسپتال لے جایا گیا تھا۔
98 سالہ بھارتی اداکار سے متعلق ان کی اہلیہ سائرہ بانو نے بتایا کہ دلیپ کمار صحتیاب ہورہے ہیں اور انہیں جلد ڈسچارج کردیا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق سائرہ بانو کا کہنا تھا کہ کچھ طبی مسائل کی وجہ سے ہم یہاں ان کے تفصیلی چیک اپ کے لیے موجود ہیں، اگر اللہ نے چاہا تو ہم جلد گھر چلے جائیں گے
۔دلیپ کمار گزشتہ ایک دہائی سے بیمار اور کمزور ہیں، انہیں متعدد بار سینے میں درد، سانس لینے میں دشواری، بخار اور دیگر بیماریوں کے باعث ہسپتال داخل کرایا جاتا رہا ہے،علاوہ ازیں بڑھتی عمر کے ساتھ انہیں صحت کے دیگر مسائل بھی ہونے لگے ہیں۔