اقرا عزیز کی گود بھرائی کا دوپٹہ

2019 میں شادی کے بندھن میں بندھنے والے یاسر حسین اور اقرا عزیز نے گزشتہ روز اعلان کیا تھا کہ وہ جلد والدین بننے والے ہیں۔

گود بھرائی کی رسم کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے اقرا عزیز نے بتایا تھا کہ ان کے ہاں ننھے مہمان کی آمد جولائی میں متوقع ہے۔

اس خاص موقع پر اقرا عزیز نے ڈیزائنر فہد حسین کا تیار کردہ منفرد لباس پہنا تھا جس پر پھولوں اور اردو اسکرپٹ سے خصوصی کڑھائی کی گئی تھی۔

 

فہد حسین نے بتایا کہ اقرا عزیز نے ان سے اس وقت رابطہ کیا تھا جب وہ اپنی گود بھرائی کی رسم کی تیاری کررہی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ 'مجھے اچھا لگا کہ مغربی طرز کے بے بی شاور کے بجائے ان کی گود بھرائی ہورہی ہے'۔

ڈیزائنر نے بتایا کہ 'اقرا عزیز نے مجھے کہا تھا کہ وہ کچھ ایسا پہننا چاہتی ہیں جو وہ بعد میں اپنے بچے کو دے سکیں اور ہم نے پھر ایک خیال پر کام کرنا شروع کیا'۔

فہد حسین نے کہا کہ میں نے اقرا سے 100 دعاؤں کی فہرست لانے کا کہا ہے جو انہوں نے یاسر اور اپنی والدہ کی مدد سے تیار کی۔

انہوں نے پھر 100 مختلف پھول بنائے اور ان کے گرد دعاؤں سے کڑھائی کی۔

فہد حسین کے مطابق 'یہ دعائیں ان کی اپنے بچے کو لے کر خواہشات ہیں، اگر بیٹی ہوئی تو وہ دوپٹہ اسے دیں گی اور بیٹا ہوا تو بہو کو دیں گی'۔

اس فہرست میں کچھ نصیحتیں بھی شامل ہیں کہ 'علم سب سے بڑی دولت ہے'، 'لوگوں کے ساتھ بھلائی کرو گے تو لوگ تمہارے ساتھ بھلائی کریں گے'۔

اقرا عزیز نے یہ خاص دوپٹہ سادہ پشواس اور شیفون کے غرارے کے ساتھ اوڑھا تھا جس پر سُچے گوٹے کا کام ہوا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اقرا عزیز نے کہا تھا کہ میں لباس کا رنگ خود منتخب کرلوں، ہم نے حال ہی میں ایک ساتھ کام کیا تھا شاید انہیں میرے انتخاب پر بھروسہ تھا۔

اقرا عزیز رواں برس فہد حسین کی فیشن میوزک ویڈیو 'میرا جوڑا' میں کام کیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ جب اقرا عزیز کی اس ویڈیو کی شوٹنگ کی گئی وہ اس وقت امید سے تھیں۔

فہد حسین نے کہا کہ 'میں ان کے لیے بہت خوش ہوں، وہ بہت اچھی انسان ہیں اور یہ ان کے لیے بہت خوشی کا وقت ہے'۔

ڈیزائنر کے مطابق 'وہ بھلے اپنے کیریئر کے عروج پر ہوں لیکن وہ اپنے خاندان کو بھی ترجیح دی رہی ہیں'۔

انہوں نے کہا کہ 'میرا خیال ہے کہ کسی بھی چیز کے بجائے کورونا وائرس نے ہمیں خاندان کی اہمیت کا احساس دلایا ہے'۔