عید پر کیا کھلا ہوگا اور کیا بند؟

اسلام آباد: این سی او سی نے 8 سے 16 مئی کے دوران ایس او پیز عمل درآمد کی مانیٹرنگ کے لیے ٹیمیں تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے ضلعی سطح پر تشکیل دی گئی مانیٹرنگ ٹیمیں ایس او پیز کے عمل درآمد کو یقینی بنائیں گی۔

 8 سے 16 مئی کے دوران تمام کاروباری مراکز اور دکانیں بند رہیں گی۔

وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے بھی شرکت کی۔

 این سی او سی کا کہنا ہے کہ پٹرول پمپس، میڈیکل سٹورز، گروسری سٹورز، بیکری اور فوڈ آئٹمز کی دکانوں کو استثنیٰ حاصل ہوگا۔

8 سے 16 مئی کے دوران لوکل اور بیرون ممالک کے سیاحوں کے لیے بھی سیاحت پر مکمل پابندی ہوگی۔

تمام سیاحتی مقامات، ہوٹلز، شاپنگ مالز، پارکس اور ریسٹورنٹ بند رہیں گے۔

شمالی علاقہ جات اور سی ویو کی طرف جانے والے تمام ٹریول نوڈز پر بھی پابندی ہوگی۔

دریں اثناء محکمہ سیاحت خیبر پختونخوا نے کورونا کی صورتحال کے پیش نظر8سے 16 مئی تک شمالی علاقہ جات گلیات, کاغان, سوات,دیر اور چترال کے سیاحتی مقامات, ریزورٹس، ہوٹلز اور اس کے آس پاس کے تفریحی مقامات اور عوامی پارک بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

محکمہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق عید تعطیلات کے دوران سیاحت کا ارادہ رکھنے والے افراد ان علاقوں کا رخ کرنے سے گریز کریں۔

سیاحوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنی اور دوسروں کی صحت و زندگیوں کی حفاظت کے پیش نظر مذکورہ بالا ایام میں گلیات، کاغان، سوات‘ دیر اور چترال نہ آئیں۔