کراچی: رئیلیٹی شو کے میزبان وقار ذکا کا کہنا ہے کہ میں کرپٹو کرنسی کے ذریعے پاکستان کا قرضہ اتار سکتا ہوں لیکن میری ایک شرط ہے کہ عمران خان استعفیٰ دیں اور مجھے ملک چلانے دیں۔
5 مئی 2021 کی صبح ٹوئٹر پر وقار ذکا کا نام ٹاپ ٹرینڈ کررہا ہے اور اس کی وجہ ان کی وہ ٹوئٹ ہے جو انہوں نے گزشتہ روز کی تھی۔ وقار ذکا نے ٹوئٹر پر لکھا تھا ’’میں کرپٹو کرنسی کا استعمال کرکے پاکستان کا قرض ادا کرسکتا ہوں لیکن شرط یہ ہے کہ عمران خان اپنے عہدے سے سبکدوش ہوجائیں اور مجھے ملک چلانے دیں۔ اگر نہیں تو پاکستانیوں کو مطالبہ کرنا چاہئے کہ عزت، زیتون کے باغات، سیاحت، انسداد بدعنوانی سے محبت کرنے والے عمران خان کے پاس اس کا کیا حل ہے۔ میں تمام سیاستدانوں کو چیلنج کرتا ہوں کوئی آئیڈیا ہے۔‘‘
وقار ذکا کی اس ٹوئٹ کے بعد ٹوئٹر پر صارفین کی جانب سےطنزومزاح سے بھرپور دلچسپ تبصرے کیے گئے۔ ٹوئٹر ہینڈل باجی پلیز نے لکھا بھئی اپنا حلقہ بتا دیں جہاں سے الیکشن لڑنا ہے تاکہ ہمارے محلے کے بچے جن کے پرچے آپ نے کینسل کروائے ہیں اور جن کے شناختی کارڈ ابھی تک نہیں بنے۔ آپ کو ووٹ ڈال سکیں۔
ایک اور صارف نے کہا برو آپ پیپر کینسل کرواؤ قرضہ ہم اتار دیں گے۔
مناہل فاطمہ نامی خاتون نے ایک میم شیئر کرتے ہوئے لکھا میٹرک اور انٹر اسٹوڈنٹس کے وزیراعظم بننے کے بعد وقار ذکا قوم سے خطاب کرتے ہوئے۔
جہاں لوگوں نے وقار ذکا کی بات کو ہنسی مذاق میں لیا وہیں کچھ لوگ ان کی حمایت میں بھی بولتے ہوئے نظرآئے۔ آصف نیازی نامی صارف نے لکھا ہر کوئی اپنا سوچتا ہے لیکن وقار بھائی نے کرپٹو کو عام آدمی تک پہنچاکر آنے والی نسلوں کا سوچا ٹیکنا لوجی کی طرف لے جارہا ہے۔