گزشتہ ایک ماہ سے عالمی وبا کورونا کا مقابلہ کرنے والی پاکستان کی نامور اداکارہ سنبل شاہد انتقال کر گئیں۔
بشریٰ انصاری نے اپنی بہن کے انتقال کی افسوسناک خبر سناتے ہوئے بتایا کہ سنبل شاہد کورونا کے باعث لاہور کے مقامی ہسپتال میں زیر علاج تھیں۔
سنبل شاہد کو ایک ماہ پہلے کورونا ہوا تھا اور بشریٰ انصاری نے عوام سے اپنی بہن کی صحتیابی کے لیے کئی بار دعاوں کی درخواست بھی کی تھی۔
بشریٰ انصاری نے بتایا کہ ڈیڑھ سال پہلے سنبل شاہد کے بیٹے شیراز کا بھی انتقال ہوگیا تھا، شیراز چترال میں پیرا گلائیڈنگ کرتے ہوئے حادثے کا شکار ہوئے تھے۔
خیال رہے کہ سنبل شاہد نے جیو کے مقبول ڈراموں ملکہ عالیہ، عشقہ وے میں کام کیا تھا، اس کے علاوہ سنبل شاہد نے جیو کی ڈرامہ سیریل تاکے کی آئیگی بارات میں تاکے کی ماں کا مقبول کردار نبھایا تھا۔