لاہور: پاکستانی گلوکار فخرِ عالم نے ممبئی میں اسٹریٹ کرمنلز کے پاس سے یورینیم برآمد ہونے کی خبر پر بھارت کو کھری کھری سنا دیں ساتھ ہی دنیا سے بھارت سے جواب طلب کرنے کا مطالبہ بھی کر دیا۔
فخر عالم نے ممبئی میں اسٹریٹ کرمنلز کے پاس سے یورینیم برآمد ہونے کی خبر پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس واقعہ پر دنیا کو بھارت سے جواب طلب کرنا چاہیے۔
فخر عالم نے ٹویٹر پر بھارتی خبر رساں ادارے کی ایک خبر کا لنک شیئر کیا جو کہ ممبئی میں اسٹریٹ کرمنلز کے پاس سے 7 کلوگرام ریڈیو ایکٹو یورینیم برآمد ہونے کے بارے میں ہے۔ اس رپورٹ کو شیئر کرتے ہوئے فخرِ عالم نے لکھا کہ بھارت کو دنیا کو جواب دینے کی ضرورت ہے کہ ریاست اپنے اسٹریٹ مجرموں کو یورینیم رکھنے کی کیسے اجازت دے سکتی ہے؟
انہوں نے لکھا کہ جب اسے دہشت گردی کے لیے استعمال کیا جائے گا تو بھارت یہ دعوٰی کرے گا کہ یہ پاکستان سے آیا تھا۔ فخرِ عالم نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ حقیقت بے نقاب ہوگئی ہے جس کے بعد اب دنیا کو بھارت سے جواب طلب کرنا ہوگا۔