کنگنا نے اسرائیل کی حمایت کردی، سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا

ممبئی: ایک پرانی کہاوت ہے کہ ’رسی جل گئی پر بل نہیں گیا‘ یہ کہاوت بالی وڈ کی متنازعہ اور منہ پھٹ اداکارہ کنگنا رناوت پر پوری اترتی ہے۔ 

شاید اپنی فلاپ ترین فلم ’پنگا‘ کا بدلہ لینے کے لیے وہ حقیقی زندگی میں بھی خود کو’گینگسٹر‘ سمجھتے ہوئے سوشل میڈیا پر’ پنگا‘ لیتی رہتی ہیں، لیکن وہ اپنی اس کوشش میں ہر بار’ ناک آؤٹ ‘ ہوجاتی ہیں۔

ہمیشہ کی طرح اس بار بھی بالی وڈ کی اسلام دشمن اداکارہ اسرائیل کی حمایت میں بیان بازی کر کے ٹوئٹر پر ٹرینڈ کر رہی ہیں۔ یاد رہے کہ کنگنا کی انہی’ حرکتوں‘ کی وجہ سے رواں ماہ ہی ٹوئٹرنے بالی وڈ کی اس ڈاکورانی کا اکاؤنٹ مستقل طورپربند کردیا ہے۔

اسلام مخالف دشمنی اور مسلمانوں کے خلاف ہرزہ سرائی کرکے بھارتی انتہا پسندوں کے سامنے’ کوئین‘ بننے کے چکر میں ’ریوالور رانی‘ اب بالی وڈ کی ’راسکلز‘ بن گئیں ہیں۔

ٹوئٹر سے ’ ناک آؤٹ ‘ ہونے کے بعد کنگنا نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں اسرائیل کو مظلوم ثابت کرتے ہوئے ایک بار پھرمسلمانوں کے خلاف اپنے بغض کا بھرپوراظہار کیا ہے۔

انسٹا گرام اسٹوری پر کنگنا لکھتی ہے’ بھارت بنیاد پرست اسلامی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اسرائیل کے ساتھ کھڑا ہے، اور جو لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ دہشت گردی کا جواب دھرنے سے دیا جانا چاہیئے وہ اسرائیل سے سبق سیکھیں۔‘

تاہم کنگنا کے اس بیان کوسوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ اورکنگنا کی اس پوسٹ کی مخالفت میں ٹوئٹرپر KanganaRanaut# ٹرینڈ کررہا ہے۔

پاکستانی اداکارہ مایا علی نے کنگنا کی اسٹوری کو ری پوسٹ کرتے ہوئے لکھا’ مجھے بہت افسوس ہے اور میری دعا ہے کہ تم جلد ٹھیک ہوجاؤ، کسی میں کم از کم انسانیت تو ہونی چاہیے، اس کے ساتھ ہی انہوں نے PalestenianLivesMatter# کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔