عوامی نیشنل پارٹی کی رہنما بیگم نسیم ولی خان انتقال کر گئیں

خان عبدالولی خان کی بیوہ اور عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کی سابق صوبائی صدر بیگم نسیم ولی خان انتقال کر گئیں۔

مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں اے این پی کی جانب سے ان کی وفات کی اطلاع دی گئی۔

پاکستان کی تاریخ میں بیگم نسیم ولی خان قومی اسمبلی کی نشست پر منتخب ہونے والی پہلی خاتون تھیں۔

انہوں نے 1977 کے عام انتخابات میں 8 جماعتوں پر مشتمل پاکستان قومی اتحاد کے ٹکٹ پر ایوانِ زیریں کے 2 حلقوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔

تاہم اتحاد کی جانب سے انتخابی عمل کے بائیکاٹ کے سبب وہ اپنی رکنیت کا حلف اٹھانے سے محروم رہی تھیں۔

مرحومہ شوگر اور دل کے عارضے میں مبتلا تھیں  انہیں  ولی باغ میں سپردخاک کیا جائے گا ۔

صدر مملکت عارف علوی نے اے این پی کی رہنما بیگم نسیم ولی خان کی وفات پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا.

ایک تعزیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ مرحومہ کی سیاسی خدمات کو یاد رکھا جائے گا۔

صدر مملکت نے بیگم نسیم ولی خان کے انتقال پر ان کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور اظہار افسوس کیا۔

بیگم نسیم ولی خان کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ انہوں نے سیاست میں فعال کردار ادا کیا اور خیبرپختونخوا سے عام نشست پر منتخب ہونے والی پہلی خاتون تھیں۔

ٹوئٹر پیغام میں قومی اسمبلی کے قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ خواتین کے اختیارات کے لیے ان کی خدمات طویل عرصے تک یاد رکھی جائیں گی۔