ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ راکھی ساونت نے اپنی شادی کے حوالے سے انکشاف کیا ہے کہ گجرات کے ڈون سے بچنے کے لیے انہوں نے برطانوی بزنس مین رتیش کے ساتھ شادی کی تھی۔
بھارتی فلم انڈسٹری کی اداکارہ راکھی ساونت آئے روز کسی نہ کسی تنازع کا شکار رہتی ہیں۔ اور ان تنازعات کی وجہ سے اکثر خبروں کی زینت بن جاتی ہیں۔ راکھی ساونت کی شادی ہر کسی کے لیے معمہ بنی ہوئی ہے کیونکہ شادی سے لے کر آج تک کسی نے بھی ان کے شوہر کو نہیں دیکھا ہے۔
حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران راکھی ساونت نے اپنی شادی سے متعلق ایک نیا انکشاف کیا ہے۔ راکھی نے بتایا انہوں نے گجرات کے ایک ڈون سے بچنے کے لیے برطانوی نژاد بزنس مین رتیش سے شادی کی ہے۔
راکھی ساونت نے اپنی شادی کے حوالے سے مزید تفصیلات بتاتے ہوئے کہا گجرات سے تعلق رکھنے والا ایک تشدد پسند شخص انہیں اپنے ساتھ شادی کرنے پر مجبور کررہا تھا۔ جب وہ اس کے ساتھ گوا گئیں گھومنے پھرنے کے لیے تو انہوں نے وہاں ایک ویڈیو دیکھی جس میں مذکورہ شخص کسی کو اپنے فارم ہاؤس میں پیٹ رہا تھا۔
راکھی ساونت نے انٹرویو کے دوران اس شخص کے حوالے سے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اس نے شادی نہ کرنے کی صورت میں راکھی کو اغوا کرنے کی دھمکی بھی دی تھی۔ بعد ازاں راکھی نے اپنے موجودہ شوہر رتیش سے درخواست کی تھی کہ وہ ان کے لیے ایک اچھا آدمی تلاش کرے اور رتیش نے وعدہ کیا تھا کہ وہ راکھی کے لیے اچھا شخص تلاش کرے گا۔ انٹرویو کے دوران راکھی ساونت نے نا تو گجرات کے ڈون کا نام بتایا اور نا ہی اس کے بارے میں کوئی تفصیل بتائی۔
واضح رہے کہ دو سال قبل راکھی ساونت کی شادی کی خبریں پورے بھارتی میڈیا میں زیرگردش تھیں۔ راکھی ساونت نے اپنی شادی کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے بتایاتھا کہ انہوں نے برطانوی شہری رتیش سے شادی کی ہے۔ تاہم آج تک کسی نے بھی راکھی ساونت کے شوہر کو نہیں دیکھا ہے۔