پاکستانی ڈراموں کی ابھرتی ہوئی اداکارہ و مادل علیزے شاہ نے اداکاری کے بعد گلوکاری کے میدان میں بھی قدم رکھ دیا۔
علیزے شاہ نے 'بدنامیاں' گانے کے ذریعے گلوکاری کی دنیا میں قدم رکھا ہے جسے 15 مئی کو ریلیز کیا گیا۔
اداکارہ علیزے شاہ کے ساتھ اس گانے میں معروف گلوکار ساحر علی بگا نے بھی اپنی آواز کا جادو جگایا ہے۔
'بدنامیاں' کے بول عمران رضا نے لکھے ہیں جبکہ اس کی موسیقی ساحر علی بگا نے ترتیب دی ہے۔
علیزے شاہ نے کچھ روز قبل 'بدنامیاں' کا ٹیزر اور پوسٹر انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو بتایا تھا کہ وہ گلوکاری کرنے والی ہیں اور ان کا گانا 15 مئی کو ریلیز ہوگا۔
دوسری جانب ساحر علی بگا نے بھی اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر گانے کے ٹیزر اور پوسٹرز کی تصاویر شیئر کیں۔
انہوں نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر علیزے شاہ کی ایک ویڈیو بھی شیئر کی جس میں وہ مداحوں کو گانے کی ریلیز سے متعلق بتارہی ہیں۔
'بدنامیاں' کو ساحر علی بگا کے آفیشل یوٹیوب اکاؤنٹ پر ریلیز کیا گیا ہے جسے 24 گھنٹے سے کم وقت میں 2 لاکھ سے زائد مرتبہ دیکھا جاچکا ہے۔
مداحوں کی جانب سے اداکارہ علیزے شاہ کے پہلے گانے کو بہت زیادہ پسند کیا جارہا ہے۔