وزیراعلیٰ کا عید کے بعد  بھی”چھاپہ مار مہم“جاری رکھنے کا فیصلہ

پشاور: وزیراعلیٰ محمود خان نے عید کے دوران شروع کی جانے والی ”چھاپہ مار“ مہم عید کے بعد بھی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

 اس سلسلہ میں پشاور کے ساتھ ساتھ دیگر اضلاع میں بھی اچانک دوروں اور چھاپوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

 ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ محمود خان نے سرکاری اداروں اور اہلکاروں کی کارکردگی بہتر بنانے اور تمام صورتحال سے براہ راست خود آگاہی حاصل کرنے کی حکمت عملی اختیار کرنے کے بعد اس کے مثبت نتائج کے تناظر میں مزید فعال انداز مہم میں جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

 اس مہم کے دوران وزیراعلیٰ کی زیادہ تر توجہ تھانوں ٗ صحت کے اداروں اور دیگر سرکاری دفاتر پر مرکوز رہے گی تھانوں کے ساتھ ساتھ وزیراعلیٰ ہسپتالوں اور 23 مئی کو کھلنے کی صورت میں تعلیمی اداروں کا بھی رخ کریں گے۔وزیراعلیٰ دوروں کا سلسلہ بغیر پروٹوکول کے جاری رکھیں گے۔

 ذرائع کے مطابق اس مرتبہ وزیراعلیٰ بعض دوروں پر اپنے ساتھ سرکاری افسران کو بھی لے جائیں گے رمضان کے دوران وزیراعلیٰ نے پولیس افسران کی جانب سے پروٹوکول سے بھرپور دوروں اور چھاپوں پر انتہائی ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے سرکاری افسران پر واضح کیا تھا کہ دوروں کا مقصد ذاتی تشہیر نہیں بلکہ اداروں اور ماتحتوں کی کارکردگی کی مانیٹرنگ اور بہتری ہونا چاہیے۔

 ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ محمود خان حکومت کے آخری دو سال کے دوران حکومتی کارکردگی بہتر بنانے اور انتخابی وعدوں کی تکمیل کے لئے سرکاری اداروں اور اہلکاروں کو مزید فعال اور متحرک کرنے کی حکمت عملی پر عمل پیرا ہیں۔