میکسیکو کی حسینہ نے مس یونیورس کا اعزاز اپنے نام کرلیا

میکسیکو کی 26 سالہ آندریا میزا نے مس یونیورس 2021 کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکی ریاست فلوریڈا میں مس یونیورس 2021 کے انتخاب کے لئے مقابلہ حسن منعقد ہوا، 69 ویں سالانہ مس یونیورس مقابلے میں دنیا بھر کی 70 حسیناؤں نے شرکت کی۔

مختلف مراحل کے بعد 26 سالہ مس میکسیکو آندریا میزا مس یونیورس 2021 قرار پائیں۔ مقابلے میں برازیل اور پیرو کی حسینائیں بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہیں۔

مس یونیورس کے لیے آندریا میزا کے نام کا اعلان ہوتے ہی روایتی جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے۔ آندریا میزا نے آنسوؤں سے جھلماتی آنکھوں کے ہمراہ مقابلے میں شریک دیگر حسیناؤں سئ گلے لگ کر خوشی کا اظہار کیا۔

مقابلے کے دوران خواتین نے مختلف سیاسی اور سماجی مسائل اپنے اپنے خیالات کا اظہار بھی کیا۔

میانمار کی حسینہ تھوزر ونت لیون نے کہا کہ ان کے ملک میں ہر روز کئی بے گناہ افراد فوجیوں کی گولیوں کا نشانہ بن رہے ہیں، اس لئے وہ چاہتی ہیں کہ اس دنیا میں بسنے والا ہر سمجھدار انسان میانمار کے مسئلے پر آواز اٹھائے۔

واضح رہے کہ ہر سال مس یونیورس کا انتخاب عمل میں آتا ہے تاہم 2020 میں کورونا وبا کے پیش نظر یہ عالمی مقابلہ حسن منعقد نہیں ہوسکا تھا۔