پشاور: شارجہ سے پشاور آنے والی نجی ائیر لائن کے 27مسافروں کو کوروناکی علامات اور ٹیسٹ مثبت آنے پرقرنطینہ کردیا گیا ہے۔
ایک ہفتے کے دوران جعلی کورونا سرٹیفیکٹس پر 54کورونا کے مریضوں کو دبئی اور شارجہ سے پشاور منتقل کیا گیا‘ شارجہ سے آنے والے ستائیس کورونا کے مریضوں کو پولیس ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
اس سے قبل دبئی سے آنے والے مسافر پولیس ہسپتال سے فرار ہو گئے تھے جنہیں بعدازاں گھروں سے لاکر قرنطینہ کردیا گیا تھا۔
گزشتہ روز 150سے زائد مسافروں کو شارجہ سے پشاور لایا گیا باچا خان انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر ٹیسٹ کے دوران ستائیس مسافروں میں کوروناکی تصدیق کی گئی جس کے بعد ائیر پورٹ میں ہنگامی حالت نافذ کردی گئی۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ یہ مسافر جعلی کرونا سرٹیفیکٹ کے ذریعے پشاور منتقل ہو ئے مسافروں میں کورونا کی تصدیق کے بعد ان کے ساتھ آنے والے دیگر مسافروں اور ائیر پورٹ عملے میں بھی شدید خوف و ہراس پھیل گیا ان کے ساتھ آنے والے مسافروں نے نجی ائیر لائن پر شدید تنقید کی ہے۔