پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے مارننگ شو میں غیراخلاقی اور نامناسب الفاظ نشر کرنے پر نجی نیوز چینل کو اظہارِ وجوہ کا نوٹس جاری کردیا۔
پیمرا کی جانب سے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی نے 17 مئی 2021 کو نشر کیے گئے مارننگ شو پر نجی نیوز چینل کو اظہارِ وجوہ کا نوٹس جاری کیا ہے۔
مزید کہا گیا کہ یہ نوٹس مارننگ شو میں مہمانوں کے مابین تکرار، نامناسب اور غیر اخلاقی الفاظ نشر کرنے اور شو کی میزبان کے غیرذمہ دارانہ اور غیر پیشہ وارانہ رویے پر جاری کیا گیا۔
پیمرا نے مذکورہ معاملے پر نجی چینل سے 14 روز میں جواب طلب کیا ہے۔
گزشتہ روزنجی نیوز چینل کے مارننگ شو میں کامیڈین اور یوٹیوبر باسط علی شریک ہوئے تھے۔
تاہم مارننگ شو کے مہمانوں کی ڈانس پرفارمنس پر باسط علی کی جانب سے اعتراض اٹھایا گیا جس کے بعد شرکا کے مابین گرما گرم بحث ہوئی جسے چینل کی جانب سے براہ راست نشر کیا گیا۔
علاوہ ازیں مارننگ شو میں کامیڈین باسط علی اور دیگر شرکا کے درمیان ہونے والی اس بحث کا ویڈیو کلپ یوٹیوب پر بھی اپلوڈ کیا گیا تھا۔