پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ آئندہ سال کا صوبائی بجٹ عوام دوست اور غریب پرور ہوگا جس میں غریب اور متوسط طبقے کی فلاح و بہبود کے ترقیاتی منصوبوں کو خصوصی اہمیت دی جائے گی۔
آئندہ بجٹ میں صوبے کے رجسٹرڈ آئمہ کرام کو اعزازیہ دینے کا منصوبہ بھی شامل کرینگے۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت وزیر اعظم عمران خان کے ریاست مدینہ کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے وزیر اعظم کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، ملک کو ایک فلاحی ریاست بنانے کے سلسلے میں وزیر اعظم کے احکامات پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔
صنعتی مزدوروں کے لیے بنائے گئے فیملی فلیٹس کا منصوبہ ایک تاریخ ساز منصوبہ ہے جس سے مزدوروں کو اپنے گھر کی سہولت میسر ہوگی۔ وہ بدھ کے روز پشاور میں صنعتی مزدوروں کے لیے تعمیر کیے گئے کم لاگت فیملی فلیٹس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔
وزیر اعظم عمران خان نے ان فیملی فلیٹس کا باضابطہ افتتاح کیا۔صوبائی وزیر محنت شوکت یوسفزئی اور وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اطلاعات کامران بنگش کے علاوہ چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ڈاکٹر کاظم نیازاور دیگر اعلیٰ حکام نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ 2056 فیملی فلیٹس پر مشتمل یہ منصوبہ پانچ ارب روپے سے زائد کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے۔
یہ فلیٹس ایک شفاف طریقہ کار کے تحت قرعہ اندازی کے ذریعے میرٹ کی بنیاد پر صنعتی مزدوروں کو مالکانہ حقوق پر دیئے جائیں گے۔ جس کے لئے حکومت مزدوروں کو تین لاکھ روپے کی سبسڈی بھی دے گی۔ یہ منصوبہ گزشتہ ادوار میں وفاقی حکومت کی طرف سے فنڈنگ نہ ملنے کی وجہ سے التوا کا شکار تھا اور موجودہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے اس منصوبے کی تکمیل پر خصوصی توجہ مرکوز کی اور آج یہ منصوبہ مکمل ہو گیا۔
وزیر اعلیٰ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کی سو فیصد آبادی کو مفت اور معیاری علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے صحت سہولت پروگرام کو تمام آبادی تک توسیع دے دی گئی ہے جس سے لاکھوں خاندان مستفید ہو رہے ہیں۔
محمود خان نے کہا کہ محنت کش طبقہ کسی بھی قوم کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ مزدوروں کی فلاح و بہبود اور ان کے حقوق کا تحفظ شروع دن سے صوبائی حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل رہا ہے اور صوبائی حکومت اس سلسلے میں ٹھوس اقدامات اُٹھار ہی ہے۔