روایتی پٹوار کلچر کو تبدیل کرینگے، وزیراعلیٰ

پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ بورڈ آف ریونیو میں اصلاحات کا اصل مقصد عوام کی سہولت کیلئے روایتی پٹوار کلچر کو تبدیل کرکے آسان اور شفاف بنانا ہے۔

 وزیراعلیٰ محمود خان کی زیر صدارت بورڈ آف ریونیو کا اجلاس ہوا،اجلاس کو سرکاری اراضی کی لیز پالیسی اور پٹوار اصلاحات پر پیشرفت کے بارے تفصیلی بریفنگ  دی گئی 

بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ بورڈ آف ریونیو میں بڑے پیمانے پر اصلاحات کا عمل جاری ہے،اب تک صوبے میں 24 سروسز ڈیلیوری سنٹرزقائم کئے گئے ہیں۔

زمینوں کے انتقالات،فرد،رجسٹریشن کو کمپیوٹرائز کیا جارہا ہے،فرد اور انتقالات کے اجراء کے عمل کو آسان و شفاف بنانے کے لیے سروس ڈیلیوری سنٹرز قائم کئے جارہے ہیں۔

اس سال جون تک سروس ڈیلیوری سنٹرز کی تعداد کو بڑھا کر 36 کیا جائے گا،اب زمینوں کی انتقالات اور فرد کے اجراء  سے متعلق تمام سہولیات سروس ڈیلیوری سنٹرز میں ایک چھت تلے فراہم ہونگی۔

 زمینوں کے انتقالات اور فرد کے اجراء میں پٹواریوں کا عمل دخل کم سے کم کیا جائیگا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ اب تک 1100 مواضعات کی کمپیوٹرائزیشن مکمل کی جاچکی ہے،مزید 1100 کی کمپیوٹرائزیشن کا عمل آخری مراحل میں ہے۔

رواں سال محکمہ مال نے اپنے ہدف سے بڑھ کر 8.5 ارب روپے ریونیو اکھٹا کیا،وزیراعلیٰ نے لیز پالیسی میں مجوزہ ترامیم سے اْصولی اتفاق کرتے ہوئے آئندہ 10 دن میں سٹیک ہولڈرزکی مشاورت سے حتمی تجویز پیش کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ نے پٹوار کلچرکی تبدیلی کیلئے اصلاحاتی عمل پر اطمینان کا اظہارکیا،انہوں نے کہا کہ عوامی سہولت کیلئے روایتی پٹوارکلچرتبدیل کرکے اسان وشفاف بنانا ہے۔