ممبئی: بھارتی اداکارہ مادھوری ڈکشٹ 19 سال بعد سنجے لیلا بھنسالی کے ساتھ کام کریں گی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ کے نامور ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی اداکارہ عالیہ بھٹ کے ساتھ فلم ’گنگو بائی کا ٹھیاواری‘ کی شوٹنگ مکمل کرچکے ہیں اور اب اپنے نئے پروجیکٹ ’ہیرا منڈی‘ کی تیاری میں مصروف ہیں۔
ہدایت کار نے اپنے نئی فلم کے لیے اب تک اداکارہ سوناکشی سنہا اور ہما قریشی کو مرکزی کرداروں کے لیے منتخب کیا ہے تاہم فلم میں ایک ’مجرا‘ بھی شامل کیا جائے گا جس کے لیے سنجے لیلا بھنسالی نے بالی ووڈ کی نامور اداکارہ مادھوری ڈکشٹ کو بھی فلم میں کاسٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق سنجے لیلا بھنسالی نے دپیکا پڈوکون کو بھی فلم ’ہیرا منڈی‘ میں مختصر کردار ادا کرنے کی پیشکش کی تھی تاہم دونوں کے تعلقات زیادہ اچھے نہیں چل رہے جس کے باعث اداکارہ نے ہدایت کار کے ساتھ کام کرنے سے انکار کردیا تھا جس کے بعد اب مادھوری ڈکشٹ فلم میں مختصر کردار میں جلوہ گرہوں گی۔
واضح رہے اداکارہ ماھوری ڈکشٹ نے آخری بار 2002 میں بننے والی سنجے لیلا بھنسالی کی کامیاب ترین فلم ’دیوداس‘ میں کام کیا تھا۔