ڈرامہ سیریل ’خدا اور محبت‘ بارے حرا سومرو کا انکشاف

پاکستانی شوبز انڈسٹری کی نئی ابھرتی ہوئی اداکارہ حرا سومرو نے ایک ویب چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈرامہ سیریل ’خدا اور محبت‘ کی اہمیت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ جب انہیں ڈرامہ آفر ہوا تو وہ نہیں جانتی تھیں کہ یہ اصل میں ہے کیا، انہیں نہیں پتہ تھا کہ یہ ایک میگا سیریل ہے، اس بات کا اس وقت پتہ چلا جب شوٹنگ کا آغاز ہوا۔

حرا کا کہنا تھا کہ 'سیٹ پر پراجیکٹ کو کامیاب بنانے کیلئے ہر کسی نے دل و جان سے محنت کی، ڈائریکٹر وجاہت حسین نے مجھے میرا کردار سمجھاتے ہوئے یہ ہی کہا تھا کہ سب کچھ نیچرل ہونا چاہیے'۔

انٹرویو کے دوران اداکارہ نے اپنی ذاتی زندگی سے متعلق بھی کچھ انکشافات کیے اور بتایا کہ ہم 6 بہنیں ہیں، میں نے جامعہ کراچی سے میڈیا اسٹڈیز میں گریجویشن کی ہے، تھیسز سے قبل ہی میری رخصتی ہوگئی تھی کیونکہ والدہ کی طبعیت خراب تھی۔

کام کے حوالے سے بات کرتے ہوئے حرا کا کہنا تھا کہ 'مجھے شروع سے ہی اداکارہ یا ڈائریکٹر بننے کا شوق تھا، میں شادی سے قبل کافی زیادہ کمرشلز کرچکی تھی اور اسی دوران ایک مرتبہ مجھے ڈرامے کے آڈیشن کیلئے کال آئی'۔

اداکارہ نے بتایا کہ 'میں نے آڈیشن دیا لیکن سلیکٹ نہیں ہوئی تاہم بعد میں دوسرے ڈرامے کیلئے مجھے اسی آڈیشن کے تحت سلیکٹ کرلیا گیا اور یوں ڈرامہ انڈسٹری میں قدم رکھا'۔

واضح رہے جیو ٹیلی ویژن پر جمعہ کی شب نشر ہونے والا ڈرامہ خدا اور محبت ناصرف پاکستان بلکہ بھارت میں بھی مقبولیت کے نئے ریکارڈز قائم کررہا ہے۔

اداکارہ حرا سومرو خدا اور محبت کے تیسرے سیزن میں فیروز خان کی بہن کا کردار ادا کررہی ہیں جنہیں مداحوں کی جانب سے کافی پذیرائی مل رہی ہے۔

حرا سومرو وہ اداکارہ ہیں جنہیں کیرئیر کے آغاز پر شاید مداح زیادہ نہیں جانتے تھے لیکن تھوڑے ہی عرصے میں سپر ہٹ ڈراموں میں کام کرکے انہوں نے مداحوں کے دل میں اپنی جگہ بنالی۔