سچن ٹنڈولکر کی لو سٹوری

سچن ٹنڈولکر نے گزشتہ روز اپنی اہلیہ انجلی کے ساتھ شادی کی 26 ویں سالگرہ منائی، لیکن ان کے مداح شاید ہی یہ جانتے ہوں کہ انجلی سے ان کی پہلی ملاقات کب اور کیسے ہوئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق 2015 میں ٹنڈولکر کی زندگی پر لکھی جانے والی کتاب ’پلئینگ اٹ مائی وے‘ کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے دوران ان کی اہلیہ انجلی نے مداحوں کے ساتھ یہ کہانی شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ہماری پہلی ملاقات ممبئی انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر ہوئی جہاں سچن دورہ انگلینڈ سے لوٹ رہے تھے اور میں اپنی والدہ کو لینے ائیرپورٹ گئی تھی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اس وقت سچن کی عمر محض 17 برس تھی اور ان کی اہلیہ ڈاکٹر بن رہی تھیں،  ائیرپورٹ پر دونوں نے ایک دوسرے کو دیکھا لیکن کوئی بات نہ ہوئی کیونکہ ٹنڈولکر کافی شرمیلے مزاج کے انسان ہیں اور انجلی بھی اس بات سے بے خبر تھیں کہ سچن ایک کرکٹر ہیں۔

بعدازاں دونوں کی ملاقات ایک مشترکہ دوست کے گھر پر ہوئی اور وہاں سے بات چیت کا آغاز ہوا۔

سچن کی اہلیہ نے بتایا کہ جب سچن نے مجھے اپنے والدین سے ملوانے کی غرض سے گھر پر مدعو کیا تو انہوں نے مجھ سے کہا میں سب کو تمہارا تعارف ایک ڈاکٹر کے بجائے صحافی کے طور پر کراؤں گا جس پر میں آسانی سے رضا مند ہوگئی۔

بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور لیجنڈ کرکٹر سچن ٹنڈولکر اور ان کی اہلیہ انجلی کی پہلی ملاقات بے شک اتفاقیہ تھی لیکن بعدازاں یہ پہلی نظر محبت میں تبدیل ہوگئی۔

محبت کی داستان بتاتے ہوئے انہوں نے یہ بھی کہا چونکہ اس زمانے میں موبائل فونز نہیں ہوتے تھے لہٰذا میں انہیں خطوط کے ذریعے اپنے پیغامات بھیجتی تھی۔