یوٹیوبرز نے عمران عباس کی ایک نہیں بلکہ مختلف اداکاراؤں کے ساتھ چار جھوٹی شادیاں کروادی ہیں اور اس بات نے عمران عباس کو بھی پریشان کردیا ہے۔
اداکار عمران عباس نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر مختلف یوٹیوب چینلز کے اسکرین شاٹس شیئر کیے جن میں ان کی اداکارہ علیزے شاہ، اشنا شاہ، صبورعلی اور عروہ حسین کے ساتھ شادی کی جعلی خبریں دی گئی ہیں۔ اداکار عمران نے ان اسکرین شاٹس کے ساتھ لکھا ’’علیزے شاہ کے بعد صبور، اشنا اور اب عروہ حسین کے ساتھ میری جنوری 2021 سے لے کر اب تک یہ یوٹیوبرز چار شادیاں کرواچکے ہیں۔ یاران بلاگرز کو کوئی اور کام نہیں ہے کیا؟ (یا یہ سمجھتے ہیں کہ مجھے اور کوئی نام نہیں ہے؟)
کیا ہم ان بلاگرز / کلک بیٹرز (گمراہ کرنے والے یوٹیوبرز ) کے خلاف ایکشن لے سکتے ہیں؟ کسی بھی خاتون اداکارہ کا نام اس کے ساتھی اداکار یا اس کے دوست کے ساتھ جوڑنا واقعی شرمناک ہے۔ میں آپ سب سے گزارش کرتا ہوں کہ کم از کم اس طرح کے یوٹیوب چینلز، بلاگرز اور سوشل میڈیا پیجز کو ان سبسکرائب کردیں۔‘‘
واضح رہے کہ یوٹیوب پر مختلف یوٹیوب چینلز ویوز، لائکس اور لوگوں کی توجہ حاصل کرنے کے لیے اکثر فنکاروں سے متعلق جھوٹی اور من گھڑت خبریں دیتے ہیں۔ چند روز قبل اداکار عمران عباس بھی ان جعلی خبروں کا شکار ہوئے جب ان کی اور اداکارہ اشنا شاہ کی شادی کی خبریں یوٹیوب پر وائرل ہوئیں جن کا نوٹس لیتے ہوئے عمران عباس نے ان جعلی خبروں کے اسکرین شاٹس اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شیئر کیے اور اس بات کو مذاق میں اڑادیا تھا۔