دلیپ کمار و راج کمار کے گھر اب مالکان کے نہیں رہے

پشاور : لیجنڈری اداکار دلیپ کمار اور راج کپور کے مکانات کی ملکیت محکمہ آثار قدیمہ کے نام منتقل ہوگئی۔

خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے تاریخی قصہ خوانی بازار اور دلگران میں واقع مکانات کو محکمہ آثار قدیمہ کی جانب سے قومی ورثہ قرار دینے کے بعد وزیراعلیٰ کی منظوری سے وزارت خزانہ نے لیجنڈری اداکاروں کے گھروں کو خریدنے کےلیے رقم جاری کی تھی۔

ڈپنی کمشنر پشاور نے ایوارڈ کا اعلان کرتے ہوئے دونوں گھروں کے مالکان کے اعتراضات مسترد کیے، جس کے بعد گھروں کی ملکیت محکمہ آثار قدیمہ کے نام ہوئی۔


واضح رہے کہ لیجنڈری فنکاروں نے اپنی زندگی کا کچھ حصہ پشاور میں گزارا تھا اب یہ مکانات انتہائی خستہ حال ہیں۔

ڈھکی دالگراں میں واقع کپور حویلی اپنے دور کی ایک شاندار عمارت تھی، اس کا کل رقبہ لگ بھگ چھ مرلے سے کچھ زیادہ بتایا گیا ہے اور جس حصے پر عمارت کا ملبہ کھڑا ہے اس کا رقبہ 5184 مربع فٹ ہے،اس حویلی کی زمین کی قیمت ایک کروڑ پندرہ لاکھ سے زیادہ مقرر کی گئی تھی جبکہ ملبے کی قیمت کا تخمینہ 34 لاکھ روپے سے زائد لگایا گیا تھا۔

   دلیپ کمار 11 دسمبر 1922 کو قصہ خوانی بازار کے محلہ خداد میں واقع گھر میں پیدا ہوئے، چار مرلے پر محیط گھر کی قیمت 80 لاکھ 56 ہزار روپے رکھی گئی تھی۔

یاد رہے کہ 2013 میں دلیپ کمار کے گھر کو وفاقی حکومت نے بھی قومی ورثہ قرار دیا تھا اور1988 میں دلیپ کمار نے اس آبائی گھر کا دورہ کیا تھا۔