ممبئی: بالی ووڈ کی سابق اداکارہ ثنا خان نے اپنے حجاب اور پردے پر تنقید کرنے والے کو جواب دیا ہے۔
بھارتی فلموں کی سابق اداکارہ اور بگ باس سٹار ثنا خان گزشتہ برس اسلام کی خاطر شوبز کو خیرباد کہہ چکی ہیں اور جس دن سے انہوں نے یہ فیصلہ لیا ہے اس دن سے ان کی شخصیت میں بھی کافی تبدیلیاں آچکی ہیں۔
مغربی لباس پہننے والی سابق اداکارہ اب مکمل طور پر حجاب میں ملبوس نظر آتی ہیں۔
گزشتہ برس انہوں نے مفتی انس سے شادی کی تھی اور ان کی سوشل میڈیا پوسٹس کو دیکھ کر اندازہ لگانا مشکل نہیں کہ یہ دونوں اپنی شادی شدہ زندگی میں بے حد خوش ہیں۔
گزشتہ روز ثنا خان نے اپنی حجاب میں ملبوس ایک تصویر اور چند خوبصورت باتیں سوشل میڈیا پر شیئر کیں۔
ثنا خان نے لکھا ’’سنو! لوگوں سے ڈرتے کیوں ہو؟ کیا تم نے یہ آیت نہیں پڑھی ’اللہ جسے چاہے عزت دیتا ہے، اور اللہ جسے چاہے ذلت دیتا ہے۔‘
کبھی عزتوں میں ذلت چھپی ہوتی ہے اور کبھی ذلتوں میں عزت۔
سوچنا اور سمجھنا ہمیں ہے کہ ہم کون سے راستے پر ہیں اور اصل میں ہم کس چیز کے حقدار بن رہے ہیں۔‘‘
ثنا خان کی اس پوسٹ کو بہت سارے لوگوں نے پسند کیا لیکن کچھ لوگوں نے ان پر تنقید بھی کی۔ ایک صارف نے لکھا اتنی پڑھائی لکھائی کرکے کیا فائدہ کہ پردے کے اندر رہنا۔
اس صارف کے سوال کے جواب میں ثنا خان نے کہا میرے بھائی جب پردے میں رہ کے میں اپنا کام کرسکتی ہوں، میرے اتنے اچھے سسرال والے اور شوہر ہیں تو مجھے اور کیا چاہئے۔
سب سے بڑی بات اللہ میری ہر قدم پر حفاظت کررہا ہے الحمداللہ۔ اور میں اپنی تعلیم بھی مکمل کرچکی ہوں تو کیا یہ میرے حق میں نہیں؟