اداکارہ ہانیہ عامر نے گلوکار عاشر وجاہت کے ساتھ ویڈیو وائرل ہونے پر تنقید کی زد میں آنے کے بعد معافی مانگ لی۔
اداکارہ نے حال ہی میں انسٹاگرام پر ایک طویل پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے لکھا کہ میری شکایت انٹرنیٹ پر ہراساں اور ڈرائے دھمکائے جانے کے خلاف ہے، میری شکایت ان لوگوں کے خلاف ہے جو عورت کو جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کو مذاق میں لیتے ہیں۔
ہانیہ عامر نے لکھا کہ ہم بطور نسل اگلی نسل کے لیے راہ ہموار کرنے کے ذمے دار ہیں، ہم کیا کرتے ہیں ، کس طرح سے عمل کرتے ہیں اور چیزوں سے کس طرح سے نمٹتے ہیں یہ آنے والے وقت کے مثال قائم کرےگا لہٰذا ضروری ہے کہ ہم بحیثیت نسل ، بحیثیت عوام اور بحیثیت انسان اپنی ذمہ داریوں کا ادراک کریں۔
اداکارہ نے مزید لکھا کہ میں اپنی غلطیوں کا اعتراف کرنے اور بہتری کے لیے تبدیلی میں شرمندگی محسوس نہیں کرتی لہٰذا میراخیال ہے کہ اگر میں نے کسی کا ارادی اور غیر ارادی طور پر دل دکھایا، مجھے بھی معافی مانگنی چاہیے اور اگر میں نے یہ کیا ہے تو میں معذرت خواہ ہوں۔
اداکارہ نے اپنے بیان میں گلوکار اور سابق دوست عاصم اظہر کے حالیہ رد عمل پر ڈھکے چھپے لفظوں میں ان کے نام بھی ایک پیغام دیا۔
ہانیہ نے لکھا کہ اگر آپ اپنے عوامی پیغام کے ذریعے کسی کو نشانہ نہیں بنارہے تو براہِ کرم واضح پیغامات شیئر کریں، آپ کے ریمارکس کسی کی شخصیت کا ناقابل تلافی نقصان کرسکتے ہیں۔