ٹرین حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 62 ہو گئی

ٹرین حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 62 ہو گئی،جبکہ 100زخمیوں میں سے کئی کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سندھ کے ضلع گھوٹکی کے شہر ڈہرکی کے قریب گزشتہ روز پیش آنے والے ٹرین حادثے کے مقام پر ریلیف آپریشن مکمل کر لیا گیا، حادثے کا شکار انجن اور 17 کوچز اٹھا لی گئیں، جبکہ ٹرینیں بحال کر دی گئیں۔

ڈپٹی کمشنر گھوٹکی عثمان عبداللّٰہ نے حادثے میں اب تک 62 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے۔

انہوں نے بتایا ہے کہ رات گئے ملبے سے مزید 4 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں، جس کے ساتھ ہی حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 62 ہو گئی۔

ایدھی ذرائع کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے 35 افراد کی میتوں کو ایدھی ایمبولینسز کے ذریعے پنجاب کے مختلف شہروں، راول پنڈی، فیصل آباد، ملتان، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، لودھراں روانہ کیا گیا ہے۔

فصیل ایدھی کی ہدایت پر میتوں کو ان کے آبائی علاقوں میں تدفین کے لیے پہنچانے کے لیے گزشتہ روز صبح سے تاحال ایدھی رضاکاروں کی امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

جاں بحق ہونے والوں میں  لودھراں کے دو سگے بھائی، والدہ اور کزن بھی شامل ہیں، جن کی نماز جنازہ میں شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

علاوہ ازیں حادثے میں جاں بحق دو کمسنوں مومن اور ہادی کی بھی شناخت ہوگئی، دونوں بچے ماں کے ساتھ کراچی سے فیصل آباد جارہے تھے۔ اسی طرح لودھراں سے تعلق رکھنے والے شہباز، اس کی بیوی اور دو بچوں کی لاشوں کو بھی پہچان لیا گیا۔

مزید برآں وہاڑی کے رہائشی حضور خان کی بیوی، بیٹی اور سسر بھی حادثے میں جاں بحق ہوئے۔ حضورخان کا کہنا ہے کہ اس کا خاندان کراچی سے خانیوال جاتے ہوئے حادثے کا شکار ہوا۔

ڈی ایس ریلوے سکھر طارق لطیف کے مطابق 29 گھنٹے بعد ریلوے ٹریک پر ٹریفک بحال کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ریلوے ٹریک پیر کی صبح 3 بج کر 40 منٹ پر بند ہوا تھا، جو 29 گھنٹوں کے تعطل کے بعد بحال ہوا ہے۔

ڈی ایس ریلوے سکھر نے بتایا کہ اتوار سے رکی ٹرینیں اب منزل مقصود کی طرف چلنا شروع ہو گئی ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ متاثرہ ٹریک پر فی الحال ٹرینوں کی اسپیڈ کم رکھی گئی ہے۔

طارق لطیف کا یہ بھی کہنا ہے کہ حادثے کی وجہ سے 35 مسافر ٹرینیں مختلف اسٹیشنوں پر رکی ہوئی ہیں۔

ریلوے حکام کے مطابق زکریا ایکسپریس حادثے کے مقام پر پہنچ گئی،جسے کچھ دیر میں ٹریک سے گزارا جائے گا، جبکہ متاثرہ ڈاؤن ٹریک کی مرمت کا کام جاری ہے۔

واضح رہے کہ ضلع گھوٹکی کے شہر ڈہرکی کے قریب گزشتہ روز ٹرین کا ہولناک حادثہ ہوا تھا، ملت ایکسپریس کی کئی بوگیاں پٹری سے اتر کر مخالف ٹریک پر آگئی تھیں، جس کے دو منٹ بعد ہی سرسید ایکسپریس گرنے والی بوگیوں سے ٹکرا گئی تھی۔