پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد کی احتساب عدالت سے کرپشن کیس میں 14 سال قید بامشقت اور جرمانے کی سزا کے بعد ایکس پر ردعمل دے دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں عمران خان نے اپنے کارکنوں سے کہا کہ سب سے پہلے تو آپ نے گھبرانا نہیں ہے۔
انہوں نے لکھا کہ میں اس آمریت کو کبھی تسلیم نہیں کروں گا اور اس آمریت کے خلاف جدوجہد میں مجھے جتنی دیر بھی جیل کی کال کوٹھری میں رہنا پڑا رہوں گا۔
عمران خان نے کہا کہ اپنے اصولوں اور قوم کی حقیقی آزادی کی جدوجہد پر سمجھوتہ نہیں کروں گا، ہمارا عزم حقیقی آزادی اور جمہوریت ہے۔
قبل ازیں اسلام آباد کی احتساب عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان کو 14 سال قید بامشقت اور 10 لاکھ جرمانہ کی سزا سنائی ہے اور ساتھ ہی القادر ٹرسٹ اور یونیورسٹی کو سرکاری تحویل میں دینے کا فیصلہ سنایا ہے۔
احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے عمران خان کی اہلیہ کو کرپشن میں معاونت پر 7 سال قید اور 5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے اور فیصلے کے بعد انہیں جیل میں حراست میں لے لیا گیا۔